ہمارا کام صرف اورصرف شفاف اورآزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانا اور مقررہ عرصے میں لوگوں کو ریلیف دیناہے،نگران صوبائی و زیر جسٹس(ر) اسداللہ چمکنی

جمعہ 22 جون 2018 21:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے قانون، ریلیف ،بحالی وآبادکاری جسٹس(ر) اسداللہ چمکنی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں مون سون بارشوں کے نقصانات سے نمٹنے کے لئے مربوط منصوبہ بندی کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر ریلیف کے کام کو یکسوئی کے ساتھ جاری رکھا جاسکے۔ یہ بات انہوںنے جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں پی ڈی ایم اے کے طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران حکومتوں کاکوئی سیاسی ایجنڈا نہیںہوا کرتا۔ہمارا کام صرف اورصرف شفاف اورآزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانا اور مقررہ عرصے میں لوگوں کو ریلیف دیناہے ۔اسداللہ چمکنی نے متعلقہ حکام کویہ بھی ہدایت کی کہ وہ ریلیف اور بحالی کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں حکومت اور محکمہ منصوبہ بندی وترقیا ت کو جلد آگاہ کریںتاکہ انہیں حتمی شکل دے کر کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیاجائے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صوبائی وزیر کو ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی طرف سے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے کے مختلف اضلاع میںریسکیو سروس کے قیام اورتوسعی پروگرام پرکام جاری ہے ۔علاوہ ازیںریسکیواہلکاروں کی استعداد کاربڑھانے کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام بھی تشکیل دیاگیاہے۔