سرگودھا: کنٹرول شیڈ‘ کینو فیکٹریز اور کولڈ سٹوریجز بنا کر کمرشلائزیشن کی فیسوں اور پراپرٹی ٹیکس کی مد میںدیئے گئے اہداف تکمیل کو نہ پہنچ سکے

سیکرٹری گورنمنٹ کا اظہار برہمی ، متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کرلی

جمعہ 22 جون 2018 21:35

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) سرگودھا سمیت ریجن بھر میں کنٹرول شیڈ‘ کینو فیکٹریز اور کولڈ سٹوریجز بنا کر کمرشلائزیشن کی فیسوں اور پراپرٹی ٹیکس کی مد میںدیئے گئے اہداف کی عدم تکمیل اور مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آنے پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کر لی گئی، حکومت کی طرف سے ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کے احکامات پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا،سیکرٹری گورنمنٹ نے گزشتہ روز اس امر پر برہمی کا اظہار کیا کہ اس مد میں میونسپل کارپوریشن سمیت ریجن بھر کے دیگر بلدیاتی اداروں کو دیئے گئے مجموعی طور پر ساڑھے 10 کروڑ روپے کے سالانہ ہدف کے مقابلہ میں ریکوری محض 42فیصد رہی ،جبکہ مالکان کی اکثریت نے کنٹرول شیڈز‘ کینو فیکٹریز اور کولڈ سٹوریج قائم کرکے نقشہ جات کی فیسوں اور پراپرٹی ٹیکس سے بچنے کے لئے سرکاری ریکارڈ میںاملاک کو رہائشگاہیں ظاہرکرکے رقوم بچائیں، اسی طرح کمرشلائزیشن فیس کی لگ بھگ ایک کروڑ روپے سے زائد کی وصولی تو ریکارڈ کا حصہ ہے مگر یہ ریونیو بھی تاحال متعلقہ افسران نے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایا،جس پر بلدیاتی اداروں کے سربراہان و متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ایک ہفتہ کے اندررہائشگاہوں میں قائم کمرشل یونٹس اور بد عنوانیوں کے مرتکب متعلقہ ملازمین کے خلاف کاروائی کی تفصیلات ارسال کی جائے ۔