بیماریوں سے بچنے اور صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے کلین اور گرین مردان کی تعمیر میں تمام شہری اپنا بھر پور کردار ادا کریں،اشراف قادر

جمعہ 22 جون 2018 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی مردان کے زیر اہتمام صفائی کی آگاہی کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت کمپنی کے جنرل منیجر اشراف قادر خٹک،منیجر ٹیکنیکل محمد ادریس،سینیٹیشن منیجرخلیل الرحمان،راحت خان،سخیداللہ اور دیگر کررہے تھے۔واک کے شرکاء کالج چوک سے پریس کلب تک گئے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کار ڈ اٹھا رکھے تھے جس پر "صاف ماحول صحت مند پاکستان کی ضمانت" کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اشراف قادر نے کہاکہ اسلام ہمیں صفائی و ستھرائی کا درس دیتا ہے اورہمیں چاہیئے کہ اپنے گھر،محلے،شہر،صوبے اور پورے ملک کو صاف ستھرا رکھنے میں اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے اور جسطر ح ہم اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے اقدامات کرتے ہیں اس طرح ہمیںاپنے ملک، صوبے اورشہر کو بھی صاف رکھنے میں اداروں کے ساتھ تعاون کرناچاہئے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے تعاون کے بغیر صحت مند پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہاکہ واک کا مقصد لوگوں میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ گندگی ڈالنے کے لئے کوڑادان کا استعمال کرناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ سٹاف کی کمی کے باوجودملازمین احسن طریقے سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ صفائی کی صورتحال بہتربنانے کے لئے کمپنی کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

کمپنی مردان کو صاف ستھرا اور ماڈل شہر بنانے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے جس کے نتیجے میں شہر میں صفائی کے حوالے سے نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں کمپنی کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ بیماریوں سے بچنے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے کلین اور گرین مردان کی تعمیر میں تمام شہری اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :