محکمہ انسداد دہشت گردی نے سکھ رہنما کے قتل میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا

جمعہ 22 جون 2018 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے سکھ رہنما سردار چرنجیت سنگھ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا ہے جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 29 مئی کو نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے سکھ کمیونٹی کے رہنما سردار چرنجیت سنگھ کو کوہاٹ روڈ پر واقع اپنی دکان میں نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی جس کے دوران گزشتہ ہفتے ایک ملزم شہریار کو گرفتار کرلیا تھا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے دیگر دو ساتھیوں کے نام اگل دیئے تھے، حکام کے مطابق ملزم شہریار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا جبکہ گزشتہ روز کارروائی کے دوران اس کے دوسرے ساتھی طارق ولد میاں علی شاہ ساکن کگہ ولہ بڈھ بیر کو کوہاٹ اڈہ کے قریب سے گرفتار کرلیا جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔