کیپیٹل سٹی پولیس کی کا روائی ، 7 رکنی ہیروئن سمگلر ز گروہ گرفتار،کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

جمعہ 22 جون 2018 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے وفاقی انٹیلی جنس ادارے کے تعاون سے 7رکنی ہیروئن سمگلرز گروہ کو گاڑیوں سمیت گرفتار کرلیا جن کی نشاندہی پرہیروئن بنانے کی فیکٹری پر کارروائی کے دوران ہیروئن بنانے کے ماہر 2 کاریگروں کو بھی گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن، ہیروئن بنانے والی مشینری اور دیگر آلات برآمد کرکے کارخانے کو سیل کردیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہے۔

جمعہ کے روز ایس ایس پی آپریشنز پشاورجاوید اقبال نے پولیس لائن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوان نسل کومنشیات سے بچانے کی خاطرمنشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف منظم کارروائی کا آغاز کررکھا ہے جس کے دوران اب تک پشاور پولیس کو کئی اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں،گزشتہ روز انہیں باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت دو موٹر کاروں کے ذریعے ہیروئن کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اطلاع کو مصدقہ جان کر ضلع بھرکے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندیوں کے اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ وفاقی حساس ادارے کے تعاون سے کامیاب کارروائی کے دوران ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق کی نگرانی میں پولیس نے رنگ روڈ جبہ سہیل ناکہ بندی پر گاڑی نمبر اے ایف پی 018 اور کے وی 828 کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر7 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزمان محمد ذیشان ولد شہباز، صدام ولد محمد سعید، عبداللہ ولد نثار احمد ساکنان فیصل آباد،الطاف ولد جہانگیر سکنہ دورہ روڈ پشاوراور میر زمان ولد زڑور سکنہ بخشو پل کو گرفتار کرلیاجنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیاکہ برآمد کی گئی ہیروئن انہوں نے بشیر آبادسے حاصل کی ہے۔

جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے بمعہ دیگر پولیس نفری مکان ازان عزیز واقع بشیر آباد پر چھاپہ لگا کروہاں پر موجودایک اور ملزم صباؤن کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر بشیر آباد میں ایک مکان کے اندر چالو حالت میں ہیروئن فیکٹری سے مزید 7کلو گرام ہیروئن، تین کلوگرام کیمیکل اور ہیروئن پیک کرنے والے اوزار برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ 2 دیگر ملزمان شاہ عالم اور سعید اللہ ولد شیر محمد کو گرفتار کرکے سماج دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاکستر کردیا۔

ہیروئن تیاری و سمگلنگ میں ملوث دیگر2 ملزمان عزیز و سردارتاحال روپیش ہیں جن کی گرفتاری کی خاطر کارروائیاں جاری ہیں اور عنقریب انکو بھی گرفتا ر کرکے عدالت کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے مجموعی طور پر 14 کلو گرا م ہیروئن، تین کلو گرام کیمیکل اور ہیروئن فیکٹری سے اوزار اور ملزمان کو گرفتار کرنے پر ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق، ڈی ایس پی سبر ب فضل واحد اور ایس ایچ او واجد خان اور OII تھانہ آغہ میر جانی شاہ احمد گل سمیت کارروائی میں حصہ لینے والی تمام ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقدانعام اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔