ْخیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کاروائی، پشاور میں آٹھ ہزار لٹرکیمیکل ملا دودھ ضائع کردیا

جمعہ جون 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے کیمیکل ملے دودھ کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے پشاور میں آٹھ ہزار لیٹر فارملین ملا دودھ ضائع کردیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق پشاور میں دودھ سے متعلق شکایات آرہی تھیں کہ دودھ میں کیمیکلز کی موجودگی کا شبہ ہے جس پر فوڈ اتھارٹی نے موبائل لیبارٹری کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں چیکنگ شروع کی جس کے دوران کئی دکانوں کی چیکنگ ہوئی اور موقع پر ہی ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں آٹھ ہزار لیٹر سے زائد فارملین ملا دودھ ضائع کردیا۔

ترجمان کے مطابق فارملین ایسا کیمیکل ہے جو مردہ خانوں میں استعمال ہوتا ہے اور انسانی صحت کے لئے زہر کی مانند ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے 2500 کلوگرام سویٹس، پانچ سو لیٹر غیرمعیاری تیل جبکہ تین ہزار لیٹر فارملین ملا دودھ ضائع کردیا ہے۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطاء اللہ خان کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر انیلا محبوب اور سائرہ نثار کی قیادت میں فوڈ سیفٹی افسران نے ورسک روڈ پر واقع کیک و کلاک کے پروڈکشن یونٹ کو سیل کردیا۔