کراچی کے عوام کو گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کیلئے شجر کاری مہم کا آغاز قابل تحسین ہے، چیئرمین ڈی ایم سی ساؤتھ

جمعہ جون 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) ڈی ایم سی ساؤتھ کے چیئرمین ملک محمد فیاض نے کہا ہے کہ کراچی میں ماحول کو بہتر بنانے اور کراچی کے عوام کو گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ بنانے کے لئے شجر کاری مہم کا آغاز قابل تحسین عمل ہے۔ کراچی کے تاجروں کی نمائندہ تنظیم آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر محمد شرجیل گوپلانی اور ان کی پوری ٹیم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا ہے اور میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ میں اور میری پوری ڈی ایم سی ان کے ساتھ شانہ بشانہ اس مہم میں موجود ہوگی۔

عوام اور تاجر برادری مل کر اس ڈسٹرکٹ اور کراچی کو بہتر ماحول فراہم کرسکتے ہیں اور تاجر برادری کی جانب سے اس آغاز سے یقین ہوگیا ہے کہ اب اس شہر کے لوگوں کو پرفضا ماحول دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز ڈی ایم سی ساؤتھ کے علاقے نانک واڑہ گوشت مارکیٹ سے آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کی شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر محمد شرجیل گوپلانی، ڈی ایم سی ساؤتھ کی یونین کمیٹی 17 کے چیئرمین محمد فاروق گھانچی، عمران آگریا،بوہڑہ پیر گلاس مارکیٹ کے زبیر علی خان، لیاقت آباد ٹریڈرز الائنس کے چیئرمین انصار بیگ قادری، کراچی میٹ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے ذیشان قریشی، میڈیسن مارکیٹ کے صدر زبیر میمن، نیشنل میڈیسن مارکیٹ کے طارق ممتاز،کورنگی تاجر اتحاد کے محمد شاہد،گارڈن تاجر اتحاد کے زاہد امین،گرین ٹمبر مارکیٹ لیاری کے حاجی اسماعیل بلوچ، آصف بلوچ، لائٹ ہاؤس پرینٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے صدر اویس خان،کنونئیر امپورٹ سب کمیٹی آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن عاطف شیخ، اشرف عیسانی کنونیئر اولڈ سٹی ایریا، زری مارکیٹ میٹھادر کے نسیم ٹھٹھائی، جنرل سیکرٹری کراچی فٹ وئیر ہول سیلرز ایسوسی ایشن فیصل جان کبیر، محمد علی سوریا ، اسٹیل مارکیٹ کے چوہدری ایوب،حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن کے سید محمد سعید، رنچھوڑلائن تاجر ایسوسی ایشن کے افضل اسلام، لیاری تاجر اتحاد کے قاسم انجار والا، عثمان آباد تاجر الائنس کے دانش جعفرانی، کراچی ہول سیل فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن غریب آباد کے صدر جاوید بلوچ ، گل پلازہ کے محمد عارف قادری،اورنگی قذافی مارکیٹ کے شاہد بٹ، ابن سینا لیاقت آباد فرنیچر مارکیٹ کے حسیب اخلاق، لیاقت آباد برتن مارکیٹ کے احمد قریشی سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کی جانب سے افتتاح کے پہلے روز نانک واڑہ، لائٹ ہاؤس، اسٹیل مارکیٹ، ٹمبر مارکیٹ سمیت اطراف کی مارکیٹوں میں 150 سے زائد پودے لگائے گئے اور یہ تمام پودے پھل دار پودے ہیں۔ ملک محمد فیاض نے اپنے ہاتھوں سے مختلف مارکیٹوں میں پودے لگائے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران تاجر برادری کے ساتھ مل کر 10 ہزار سے زائد پودے مختلف مارکیٹوں، پارکوں، مین شاہراہوں، گلی کوچوں اور محلوں تک وسیع کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :