Live Updates

پی ٹی آ ئی کی خاتون امیدوار منزہ حسن کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل

ڈاکٹر زرقا سے منزہ حسن کے اثاثہ جات سے متعلق تصدیق شدہ دستاویزات طلب

جمعہ 22 جون 2018 22:12

لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون امیدوار منزہ حسن کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل پر پاکستان تحریک انصاف کی رکن ڈاکٹر زرقا سے منزہ حسن کے اثاثہ جات سے متعلق تصدیق شدہ دستاویزات طلب کر لیں، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقا نے اپنی ہی پارٹی کی امیدوار منزہ حسن کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقا کی اپیل پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت اپیل کنندہ کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے منزہ حسن کو مخصوص سیٹ پر الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ ریٹرننگ افسر نے منزہ حسن کے کاغذات نامزدگی حقائق کے برعکس منظور کیے، اپیل کنندہ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ منزہ حسن دوہری شہریت کی حامل ہیں اور منزہ حسن نے کاغذات نامزدگی میں اصل اثاثے ظاہر نہیں کیے جس کے باعث منزہ حسن آئین کے آرٹیکل62، 63 پر پوری نہیں اترتی ہے، اپیل کنندہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اپیلٹ ٹربیونل منزہ حسن کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم دے کر الیکشن لڑنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے، ڈاکٹر زرقا کے وکیل کی جانب سے منزہ حسن کے ان اثاثہ جات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں جنہیں مبینہ طور پر کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا گیا ،عدالت نے اپیل کنندہ سے مشکوک اثاثہ جات کی تصدیق شدہ دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات