ڈپٹی کمشنر کا چارج سنبھالنے کے فوراًبعد انتظامی افسران کے اجلاس کی صدارت

جمعہ 22 جون 2018 22:20

ڈی جی خان۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان علی اکبر بھٹی نے گزشتہ شب چارج سنبھالنے کے فورا بعد انتظامی افسران کا اجلاس منعقد کیا ․ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کے اچانک معائنہ اور اگلی صبح آٹھ بجے اپنے دفتر کی مختلف برانچوں کا معائنہ کرتے ہوئے بروقت حاضری کو یقینی بنانے ، ٹوٹے ہوئے فرنیچر کو دو روز کے اندر تبدیل کرنے اور بہتر صفائی کی ہدایات جاری کیں ․ انہوںنے کہاکہ غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ․ ڈپٹی کمشنر نے ساڑھے آٹھ بجے صبح اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی اچانک معائنہ کیا ․ عوام کے رش اور بدنظمی دیکھتے ہوئے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا ․ انہوںنے سائلین کے بیٹھنے ، باری کے انتظار کیلئے لائن ، نظم و ضبط ، واش روم کی صفائی اور پنکھوں کی فراہمی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ․ ڈپٹی کمشنر نے سائلین سے مسائل بھی دریافت کیے ․ ڈپٹی کمشنر نے سنٹر انچارج کو میرٹ پر دفتری امور چلانے کی ہدایت کی ․ انہوںنے کہاکہ عوام کی جائز شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے گی․ علاوہ ازیں اپنے آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح غیر جانبدارانہ ، شفاف اور میرٹ پر انتخابات کا انعقاد ہے تاہم عوامی مسائل پر بھی نظر رکھی جائے گی․ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں صحت مراکز اور تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کریں ․ صورتحال بہتر نہ ہونے پر کارروائی کی جائی․ اجلاس میں بتایاگیاکہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں چار قومی اور آٹھ صوبائی حلقوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیںجس کیلئے 905پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں 172حساس قرار دینے کے ساتھ 442کو بی اور 291کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ․ این اے 189، 190، 191اور 192کے علاو ہ صوبائی حلقوں پی پی 285تا 292کی حدود میں 1329079ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 573997خواتین ووٹرز شامل ہیں ․ انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے پنجاب پولیس ، بارڈر ملٹری پولیس او ربلوچ لیوی کے علاوہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج اور رینجرز کی بھی خدمات حاصل کی جاسکیںگی ․ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کی خفیہ کیمروں کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ کے علاوہ ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ کی جائے گی جس کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں ․ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام یاسین ، اسسٹنٹ کمشنر ز شاہد عباس کاٹھیا ، عبدالجبار ، اشفاق حسین سیال ، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈاکٹر خلیل احمد ، ثناء اللہ سرانی ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان ، رسالدار بی ایم پی خرم کھوسہ ، ایس ا ین اے محمد معظم چشتی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔