پی ایم اے کی ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے پر غنڈہ عناصر کی فائرنگ کی شدید مذمت،ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ

جمعہ 22 جون 2018 22:20

لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) پی ایم اے نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے پر چند غنڈہ عناصر کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فی الفور ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ایم اے لاہور سینٹر میں پی ایم اے کا ایک ہنگامی اجلاس پی ایم اے کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے پر حملے اور فائرنگ کو عوام کو فراہمی صحت کے لیئے احسن اقدامات کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے صوبائی نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں عطائیت کے خلاف مہم میں ہیلتھ ورکرز اور افسران کو تحفظ فراہم کیا جائے ، اجلاس میں پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر اظہار چوہدری ، ڈاکٹر اجمل نقوی ،ڈاکٹرطلحہ شیراوانی،ڈاکٹرشاہد ملک ،ڈاکٹرارشد ہمایوں ،ڈاکٹرعدنان سرور ،ڈاکٹر سید زین نقوی سمیت ڈاکٹرز کی کیثر تعداد نے شرکت کی ۔