Live Updates

پی ٹی آئی ھافظ آباد کے سابق ضلعی صدر امان اللہ سندھو ایڈووکیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے کے خلاف ساتھیوں کے ہمراہ احتجاج

عام انتخابات کے لیے ٹکٹ دیتے وقت پرانے اور مخلص کارکنوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے جو کہ پرانے اور بانی کارکنوں کے ساتھ سراسرناانصافی ہے، امان اللہ سندھو

جمعہ 22 جون 2018 22:39

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) پرانے اور مخلص کارکنوں کو قومی اور صوبائی نشستوں کے لیے پارٹی ٹکٹ نہ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر امان اللہ سندھو ایڈووکیٹ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امان اللہ سندھو نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے ٹکٹ دیتے وقت پرانے اور مخلص کارکنوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے جو کہ پرانے اور بانی کارکنوں کے ساتھ سراسرناانصافی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پنڈی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں، سکھیکی منڈی سمیت ضلع بھرمیں پی ٹی آئی کے بانی کارکن پارٹی قیادت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جنہوں نے پارٹی کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے مخلص کارکنوں کو نظر انداز کرکے سیاسی مافیا کو پی ٹی آئی کے ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ این اے 87حافظ آباد سے پارٹی نے چودھری شوکت علی بھٹی کو ٹکٹ جاری کیا ہے جو کہ ایک کمزور اور سابقہ انتخابات میں ہارا ہوا اُمیدوار ہے جب کہ اس کے مقابلے میں سابق وفاقی وزیر چودھری لیاقت عباس بھٹی مضبوط اُمیدوار ہے جسے پارٹی نے بالکل نظر انداز کر دیا ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے اُصولوں کے بھی منافی ہے۔

اُنہوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ این اے 87سے لیاقت عباس بھٹی کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے جبکہ صوبائی سیٹوں پر موسمی چالبازوں کی بجائے مخلص کارکنوں کو ٹکٹ جاری کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ سیکرٹری پنجاب اور بنی گالہ میں احتجاج بھی کریں گے اور وہاں دھرنا بھی دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات