جو این ویگنر نے 21جون 2018 کو کراچی میں امریکا کی قونصل جنرل کے طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں

جمعہ 22 جون 2018 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) جو این ویگنر نے 21جون 2018 کو کراچی میں امریکا کی قونصل جنرل کے طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ وہ امریکا کی فارن سروس کی سینیئر رکن ہیں۔ ویگنر نے حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی میں بورڈ آف ایگزامنرز میں خدمات انجام دی ہیں جو امریکا کے لیے نئے سفارت کاروں کا انتخاب کرتا ہے۔ اس سے قبل قونصل جنرل ویگنر یوکرین کے دارالحکومت کیف میں امریکی معاون رابطہ کار تھیں۔

امریکا اور دیگر ڈونر اداروں کی امدادی سرگرمیوں اور یوکرین کی حکومت کے درمیان رابطہ کاری ان کی ذمے داریوں میں شامل تھی۔قونصل جنرل ویگنر امریکا کے یورپی یونین کے لیے مشن میں منسٹر قائونصلر برائے سیاسی امور کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان سے متعلق امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر، کابل میں امریکی سفارت خانے میں سیاسی و عسکری امور کی ڈپٹی کونصلر اور برونڈی میں امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔

قونصل جنرل ویگنر نے سینٹ لوئی یونیورسٹی آف لا سے قانون میں ڈاکٹریٹ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج سے نیشنل سیکیورٹی اسٹریٹجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ براڈوے میوزیکل اور سینٹ لوئی کارڈینلز بیس بال ٹیم کی مداح اور شوقیہ موسیقار ہیں۔ ان کی مرتب کی ہوئی دھنوں کا پہلا مظاہرہ برسلز کے سینٹر فار فائن آرٹس میں ہوا تھا جس میں سو صدا کار اور فل سمفونی آرکسٹرا شامل تھا۔