عوام کرپٹ عناصر کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں،جسٹس وجیہہ الدین

2018کے انتخابات بہت اہم ہیں لوگوں کو اچھی طرح سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا،اجلاس سے خطاب

جمعہ 22 جون 2018 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے کہاہے کہ2018کے انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ اگر لوگ اپنی مشکلات اور پریشانیوں سے نجات چاہتے ہیں تو وہ سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کااستعمال کریں۔ ماضی کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں ،لٹیرے سیاستدانوں کو ایوانوں میں جانے سے روکناہوگا اور اس کا واحد راستہ ووٹ کاصحیح استعمال ہے۔

،ان خیالات کااظہار انہوںنے پارٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے مزید کہاکہ عام لوگ اتحاد ہی وہ واحد پارٹی ہے جو عام آدمی کامعیار زندگی بلندکرسکتی ہے اور ملک کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ اس موقع پر عام لوگ اتحاد کے سیکریٹری جنرل اظہر جمیل نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ لوگ کرپٹ سیاستدانوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کرکے اچھے صاف ستھرے امیدواروں کو کامیاب کرائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عام لوگ اتحاد کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر امجد اور جنرل سیکریٹری عبدالحفیظ سومرو نے کہاکہ ہم جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کی قیادت میں متحد ہیں اور عوام کی بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔اجلاس میں NA-254کے امیدوار ولی محمد نوشاد ،NA-247کے امیدوار مطیع الرحمان ،NA-242کے امیدوار منظور چاچڑ،PS-102کی امیدوار حاجرہ مظہر،PS-103کے امیدوار محمد ہلال عثمانی،PS-111کی امیدوار فرحانہ سہیل ،سیکریٹری فنانس مجتبی احمد ودیگر نے کہاکہ ہمارا حوصلہ بلند ہے۔

دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔ عوام اب کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث سیاستدانوں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد وہ واحد شخصیت ہیں جوملک کو بحران سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیاگیاکہ الیکشن مہم کے حوالے سے رابطہ مہم تیز کی جائے گی۔