سانگھڑ کارپوریشن کے ملازم نے تنخواہ کی عدم ادائیگی پر خودکشی کرلی

جمعہ 22 جون 2018 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) ٹائون کمیٹی ٹھٹھہ کی7ماہ سے تنخواہ سے محروم ملازم علی اصغر شاہ کی خودسوزی کے واقعے کے بعد سانگھڑ کارپوریشن کے ملازم حامد خاصخیلی 17ماہ تنخواہ سے محرومی کے بعد خودکشی کرکے جان فانی سے کوچ گرگئے ۔جبکہ علاج معالجے کی سہولت نہ ملنے پر بلدیہ غربی کے بلدیہ زون کے سینئر ملازم حنیف گوگل اور پنشن کے واجبات نہ ملنے پر بلدیہ جنوبی محکمہ تعلیم لیاری کی ریٹائر ملازمہ زبیدہ خاتون بھی جان فانی سے کوچ کرگئیں ۔

(جاری ہے)

آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرزفیڈریشن سندھ کے چیئرمین حافظ مشتاق کوریجو (لاڑکانہ) ،صدر سیدذوالفقارشاہ (کراچی) ،جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت (حیدرآباد) ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری علی مردان شیخ (سکھر) ،جوائنٹ سیکریٹری عبدالہادی مرکیانی (رتوڈیرو) ،نائب صدر غلام عباس سہاگ (دادو) نائب صدر شوکت بھررو (گھوٹکی ) ،جوائنٹ سیکریٹری شاہد محمد ٹھل ،فنانس سیکریٹری قلندربخش شاہانی (لاڑکانہ) ،آفس سیکریٹری شوکت علی (ڈھرکی ) نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اس سلسلے میں ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔