گڈانی ساحل واقعہ پر ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت

ساحل پر تفریح کی غرض سے گھومنے کیلئے آنے والے افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے والے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، رابطہ کمیٹی

جمعہ 22 جون 2018 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے گڈانی کے ساحل پر 4خواتین اور 2بچوں کے ڈوب کر ہلاک ہونے کے افسوس ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے اور ایک بچے کو پانی سے نکال کر بچانے پر غوطہ خور وں کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہایا ۔

(جاری ہے)

ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے ڈوب کر جاں بحق ہونے والی خواتین اور بچوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے ساحل پر تفریح کی غرض سے گھومنے کیلئے آنے والے افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے والے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کے سدباب کیلئے فی الفور ساحلی علاقوں پر لائیوگارڈ کے ادارے کو مزید جدید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکاجاسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالی ڈوب کر ہلاک ہونے والی خواتین اور بچوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے ۔