ڈپٹی کمشنر سوات کی سربراہی میںضلع میںعام انتخابات کے حوالے سے انتظامات کے سلسلے میںاجلاس

الیکشن 2018کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمے تمام ممکن اقدامات کریں گے، شاہد محمود کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 22 جون 2018 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سوات شاہد محمود کی سربراہی میںضلع میںعام انتخابات 2018 کی تیاری اور انتظامات کے سلسلے میںاجلاس ہوا۔ ڈی سی سوات نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی موجودگی میں تمام متعلقہ محکموں اور ڈی ایم اوز کو جنرل الیکشن 2018کے قواعدوضوابط اورٹی او آرزپر سختی سے عمل درآمد کے احکامات جاری کئے۔

اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر سوات، ڈی پی او سوات، اے ڈی سی سوات، مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان ،تمام اسسٹنٹ کمشنرز اورٹی ایم اوز نے شرکت کی ڈی سی نے اجلاس میں بعض ضلعی افسران کی عدم موجودگی پرسخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاسوں میںبروقت شرکت اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ جنرل الیکشن 2018کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمے تمام ممکن اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف امور زیربحث آئے اور انکے حل کیلئے اقدامات تجویزکئے گئے جن میںانتخابی عملے کی سیکورٹی، بجلی وپانی کی بلا تعطل ترسیل، واش رومزاور راستوں کو ٹھیک کرنا شامل ہے۔ اجلاس میں بعض ضروری فیصلے بھی کیے گئے جن کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات کو لوکل انتظامیہ کی طرف سے فوکل پرسن بنا دیا گیا واپڈا حکام کو ہدایت کی گئی کہ الیکشن کے دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، ڈی ای او ز(میل ، فیمیل)اپنے سکولوں میں متعلقہ ٹی ایم اوز کے تعاون سے پانی کا انتظام کرینگے ،تمام ٹی ایم ایزصحت و صفائی کو یقینی بنائیں گی اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ ٹی ایم اوز اور ایجوکیشن آفیسرز کے ساتھ تحصیل سطح پرہرپولنگ سٹیشن ،بوتھ اور انتخابی علاقوں میں غیر دستیاب سہولیات کاتفصیلی جائزہ لیںاور انکی فوری رپورٹیں جمع کرائیںتاکہ اس سلسلے میں بر وقت اقدامات کئے جائیںاور تمام مشکلات کاالیکشن سے قبل ہی جلد ازجلد ازالہ کیا جا سکے۔