نگرن صوبائی کابینہ کے مینڈیٹ میں صاف شفاف الیکشن کے انعقاد کے علاوہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا بھی شامل ہے، آغا عمر بنگلزئی

جمعہ 22 جون 2018 22:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور و جیل خانہ جات آغا عمر بنگلزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری اور نگران کابینہ نے انہیں وزارت داخلہ کا قلمدان تفویض کرکے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مبارکباد دینے کیلئے آئے ہوئے مختلف لوگ جن میں نگران صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزاد ، نگران صوبائی وزیرتعلیم سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نصر اللہ خان خلجی ، ملک صلاح الدین کاسی، سلیم کاکڑ ، خلیل الرحمن بنگلزئی ، محمد اسلم بنگلزئی ، شعیب بنگلزئی و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا صوبا ئی وزیر نے کہا کہ نگرن صوبائی کابینہ کے مینڈیٹ میں صاف شفاف الیکشن کے انعقاد کے علاوہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا بھی شامل ہے انہوںنے کہا کہ محکمہ داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے کہ وہ صوبے کے خاص علاقوں میں لاحق سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ عوام الیکشن کے دن پر امن خو شگوار ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے سیکریٹری داخلہ کے دفتر کا دورہ کیا جہاں سیکریٹری داخلہ حیدر علی شکوہ نے صوبائی وزیر کو دفترکے مختلف امور کے بارے میں تفصیلاًسے آگاہ کیا اس موقع پر وزیر داخلہ نے سیکریٹری داخلہ کوہدایت کی کہ وہ صوبے میں امن و امان و دیگر مسائل سمیت خصوصاً الیکشن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور آئندہ کے لئے بہترین سیکیورٹی پلان کے حوالے سے جلد میٹنگ کا انعقاد کریں۔