سکھ یاتریوں کی گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں حاضری ، خصوصی عبادات کیں

پاکستان ہمارے گوروئوں کی دھرتی ہے ہمیں یہاں آکر دلی سکوں محسوس ہوتا ہے،سردار بلویندر سنگھ

جمعہ 22 جون 2018 23:05

لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) سکھ مذہب کے معروف لیڈر مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے لیے بھارت سے پاکستان آئے سکھ یاتریوں نے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں حاضری دی اور خصوصی عبادات کیں ، پارٹی لیڈر سردار بلویندر سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان ہمارے گوروئوں کی دھرتی ہے ہمیں یہاں آکر دلی سکوں محسوس ہوتا ہے اس سے قبل پاکستان کا دورہ کر کے واپس جانے والے سکھ بھائیوں سے ہمیں معلوم ہوا تھا کہ یاتریوںکی پاکستان میں بہت زیادہ عزت احترام اور مہمان نوازی کی جاتی ہے۔

ہماری مذہبی عبادت گاہوں کو خوبصورت اور محفوظ بنا گیا ہے جس پر ہم سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار جگ موہن سنگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ یہاں آنے والے یاتریوں کو اس سے بھی زیادہ احترام دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

سیکورٹی کے علاہ ہمارے خدمت کرنے کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کا عملہ موجود رہتا ہے ۔

جتھ کے ہمراہ بھارت سے آئے دیگر سکھ یاتری مر د وخواتین نے بتایا کہ گورو دوارہ میں صفائی کے انتظامات بہت اچھے ہیں ہمیں رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات بہتر طریقہ سے میسر ہیں۔جس پر ہم متروکہ وقف املاک بورڈ کے بہتر شکر گزار ہیں۔یاتریوں نے گورو دوارہ کی خوبصورتی دیکھ کر بھی اظہار اطمنان کیا،سیکرٹری بورڈ محمد طارق خان نے بتایا کہ حکومت پاکستان کے احکامات کے مطابق ہم یاتریوں کی مہمان نوازی کے انتظامات کر رہے ہیں تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو۔

انہوںنے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے حوالے سے مزید بتایا کہ سکھ یاتری ایک دن یہاں پر قیام کریں گے جسکے بعد یاتری سپیشل ٹرین کے ذریعے گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے ۔اس دوران گورودوارہ کے اطراف اور روٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ کی صورت میں اضافی جنریٹرز موجود ہیں ۔میڈیکل ،کھانا اور رہائی انتظامات کے لیے سپیشل ٹیموں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے ۔انہوںنے بتایا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29جون کو گورو دوراہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ہو گی۔

متعلقہ عنوان :