والڈ سٹی اتھارٹی کا غیر قانونی تعمیرات کیخلاف گرینڈ آپریشن، 4 پلازے مسمار

جمعہ 22 جون 2018 23:05

لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے مستی دروازے میں 4 غیر قانونی پلازے مسمار کر دیئے، تفصیلات کے مطابق والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف شروع کئے جانے والے آپریشن میں کوتوالی چوک میں قائم ملک ارشد پلازہ ، گلشن سٹریٹ مستی گیٹ میں قائم پلازہ اور شاہ عالمی موڑ پر قائم پلازہ کو جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا ہے، اسی طرح اکبری گیٹ کی مین ڈرین پر قائم تجاوزات سمیت وچو گلی کے تھڑے اور چوڑی بازار میں قائم تجاوزات کا بھی صفایا کر دیا گیا ہے، والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن و بلڈنگ کنٹرول نجم الثاقب کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کا آغاز رمضان المبارک میں ہی شروع کر دیا گیا تھا، دو ہفتے قبل اندرون لاہور سے 11 غیر قانونی پلازوں کو جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا تھا جبکہ عید کے بعد شروع ہونے والے اس آپریشن میں 4 پلازے مسمار کئے گئے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن والڈ سٹی اتھارٹی کے ایکٹ کی دفعہ 32(2B)کے تحت کئے جا رہے ہیں اور ہم ان آپریشنز کے ذریعے اندرون لاہور میں موجود پلازہ مافیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ غیر قانونی تعمیرات سے باز رہیں، انہوں نے کہا کہ اندرون لاہور کے مختلف حصوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کی ایک فہرست مرتب کر لی گئی ہے ، ابھی تک غیر قانونی تعمیرات کو جزوی طور پر مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ اگلے فیز میں ان تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :