انتظامیہ کی اولین ذمہ داری عام انتخابات کا شفاف انعقاد ہے ،کمشنر ساہیوال

جمعہ 22 جون 2018 23:05

چیچہ وطنی۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری عام انتخابات کا شفاف انعقاد ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ،انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کمشنر ساہیوال کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو ،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ رضوان نذیر ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد رفیق ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن میاں جمیل احمد اور اے سی جی اشفاق الرحمن خان بھی موجود تھے،انہوں نے زور دیا کہ ایسے کسی ملازم کو ڈویژن میں برداشت نہیں کیا جائے گا جو کسی قسم کی سیاسی سرگرمی یا کسی امیدوار کی حمایت میں ملوث پایا گیا ،انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں پر ضروری سہولیا ت کی فراہمی بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں بجلی اور پانی کی دستیابی سب سے اہم ہے جبکہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،ڈاکٹر فرح مسعود نے انتظامی افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے انتظامات کے ساتھ ساتھ دوسری دفتری امور پر بھی توجہ مرکوز رکھیں۔