گردے کے امراض کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں لیزر پر مشتمل جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف

جمعہ 22 جون 2018 23:05

لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) گردے و مثانے کے پیچیدہ امراض کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی اینڈوسکوپک لیزر لیتھرو ٹرپسی متعارف کرا دی گئی جس کے تحت پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر محمد نذیر کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے ایک ساتھ کئی کامیاب آپریشن کئے ہیں اور اس ٹیکنالوجی کے ذریعے گردے کی پتھری کو بے ضررانداز میں وہیںپاؤڈر بنا یاجا سکے گا ، اس مشین کی قیمت 2کروڑ کے لگ بھگ ہے جبکہ ایک آپریشن پرنجی سیکٹر میں دو لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق ایل جی ایچ میں غریب اور نادار مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولت میسر ہوگی، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر محمد نذیر نے بتایا کہ جنرل ہسپتال کے گردہ ومثانہ وارڈ میں اس طریقہ علا ج سے ہر ماہ 40سی50مریض فائدہ اٹھا رہے ہیں،خاص طور پر وہ مریض جنہیں گردے کی پتھری کے ساتھ دل کا عارضہ بھی لاحق ہے یا وہ خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کر رہے ہیں وہ بھی اس طریقہ آپریشن سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ علاج میں مریض کو24گھنٹے میں ہی ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جاتا ہے اور بعد ازاں اسے پیشاب کی مصنوعی نالی یا تھیلی کی ضرورت بھی نہیں رہتی ،اسی طرح ایسے مریض جو خصوصی طور پر پائلٹ اور ڈرائیور حضرات ہوں وہ بھی ایک سیشن کے بعد "سٹون فری"ہو جاتے ہیں،پروفیسر محمد نذیر نے بتایا کہ یہ طریقہ علاج بے ضرر اور مریضوں کیلئے زیادہ سہولت کا حامل ہے،پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آغا شبیر علی نے اس کامیابی پر یورالوجی ٹیم کے سربراہ پروفیسر محمد نذیر اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسر زاور ڈاکٹرز مریضوں کو بہتر سے بہتر اور جدید ترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔