صحافی ماروی سرمد کے گھر میں نقب زنی، پاسپورٹ، لیپ ٹاپ غائب

جمعہ 22 جون 2018 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) اسلام آباد میں معروف صحافی ماروی سرمد کے گھر میں ان کی غیر موجودگی میں مبینہ طور پر نقب زنی کا واقعہ پیش آیا اور ان کے لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیا غائب کردی گئیں۔ماروی سرمد کے خاوند منظور سرمد نے ٹویٹر پر واقعہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاہور میں عید منانے کے بعد واپس آئے تو گھر کی تلاشی لی جاچکی تھی، لیپ ٹاپ اور گھر میں موجود دیگر قیمتی اشیا غائب تھیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماروی سرمد کے گھر سے دو لیپ ٹاپ، ایک اسمارٹ فون، گھر والوں کے پاسپورٹس اور دیگر سفری دستاویزات کو غائب کردیا گیا ۔خیال رہے ماروی سرمد مذکورہ اخبار سے منسلک ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں حیرت انگیز طور پر ماروی سرمد کے زیورات جس میں ایک سونے کی انگوٹھی اور دو چوڑیوں کو چھوا بھی نہیں گیا۔

(جاری ہے)

ماروی سرمد کے مطابق نقب زن’ پرانے پاسپورٹس سے جڑے نئے پاسپورٹ کو الگ کر کے لے گئے ہیں جو کارآمد تھا جبکہ پرانے پاسپورٹس کو چھوڑ دیا گیا ہے۔

صحافی رضا رومی نے ٹویٹر میں تصویر بھی جاری کی اور کہا کہ ہر ایک چیز کو چھان لیا گیا لیکن چور صرف لیپ ٹاپ، ایک اسمارٹ فون اور سفری دستاویزات لے گئے۔ماروی سرمد کے گھر میں نقب زنی کے واقعے کی مذمت صحافیوں، انسانی حقوق کے اداروں اور پاکستان کے دیگر شخصیات کی جانب سے کی گئی۔

متعلقہ عنوان :