جواین ویگنر نے نئی امریکی قونصل جنرل کی ذمے داریاں سنبھال لیں

جمعہ 22 جون 2018 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) جواین ویگنر نے کراچی میں نئی امریکی قونصل جنرل کے طور پر ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ امریکا کی فارن سروس کی سینئر رکن ہیں۔ویگنر نے حال ہی میں واشنگٹن میں بورڈ آف آگزامنرز میں خدمات انجام دی ہیں جو امریکا کے لئے نئے سفارت کاروں کا انتخاب کرتا ہے۔اس سے قبل قونصل جنرل ویگنر یوکرین کے دارالحکومت کیف میں امریکی معاون رابطہ کار تھیں۔

(جاری ہے)

امریکاور دیگر ڈونر اداروں کی امدادی سرگرمیوں اور یو کرین کی حکومت کے درمیان رابطہ کاری ان کی ذمے داریوں میں شامل تھی۔قونصل جنرل ویگنر امریکا کے یورپی یونین کے لئے مشن میں منسٹر کونسلربرائے سیاسی امور کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکی ہیں۔وہ پاکستان سے متعلق امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر، کابل میں امریکی سفارت خانے میں سیاسی و عسکری امور کی ڈپٹی کونسلراور برونڈی میں امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔قونصل جنرل ویگنر نے سینٹ لوئی یونیورسٹی آف لا سے قانون میں ڈاکٹریٹ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج سے نیشنل سیکورٹی اسٹریٹجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔