سی ڈی اے شعبہ انفورسمنٹ کا ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی مدد سے سیکٹر ایچ سولہ میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن

اسلام آباد جیل کیلئے مختص15کنال سے زائد اراضی واگزار کرالی

جمعہ 22 جون 2018 23:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )کے شعبہ انفورسمنٹ نے ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی مدد سے سیکٹر ایچ سولہ میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے اسلام آباد جیل کیلئے مختص15کنال سے زائد اراضی واگزار کرالی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نئی جیل کے قیام کے لئے وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای)انتظامیہ کی جانب سے سیکٹر ایچ سولہ زمین مختص کی گئی تاہم مذکورہ زمین پر لینڈ مافیا نے قبضہ کرتے ہوئے یہاں پر پختہ تجارتی و رہائشی عمارات اورجانوروں کے باڑے بنا لئے تھے جبکہ قبضہ مافیا نے مذکورہ علاقے میں بڑے پیمانے پر فصلیں بھی کاشت کررکھی تھی تاہم گزشتہ روزسی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اربن عشرت تاج وارثی کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے 15کنال سے زائد اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروالی ہے۔

مذکورہ آپریشن میں ضلعی انتظامیہ اسسٹنٹ کمشنر سعد اورپولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :