Live Updates

ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی خواتین میں جھگڑا

ریحام خان نے ٹویٹر پیغام جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جون 2018 11:23

ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی خواتین میں جھگڑا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ نے پی ٹی آئی خواتین میں ٹکٹ تقسیم کے معاملے پر اختلافات منظر عام پر آنے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کر دیا۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں ریحام خان نے کہا کہ ''تبدیلی'' ، اسٹیٹس کو کا سامنا، بنے گا نیا پاکستان۔۔ اپنے پیغام میں ریحام خان نے ایک ویڈیو بھی شئیر کی جس میں پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان آپس میں لڑ رہی ہیں اور پارٹی قیادت سے شکووں کا اظہار رہی ہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کی آمد کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں میں ٹکٹس کی تقسیم کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ پی ٹی آئی نے اب تک اپنے 60 فیصد سے زائد اُمیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے جس پر پی ٹی آئی کو بھی کارکنان کی جانب سے تنقید اور رد عمل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ٹکٹس کی تقسیم پر اختلاف رکھنے والے کارکنان نے پارٹی چئیرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا بھی دیا۔

گذشتہ روز پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے اپنی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دینے والے کارکنان سے ملاقات کی اور ان سے خطاب بھی کیا۔ عمران خان کے خطاب کے بعد کارکنان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا اور اپنے اپنے علاقہ کا رُخ کیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے پارٹی قیادت سے گلہ کیا تھا کہ ٹکٹس کی تقسیم میں پارٹی نے نئے شامل ہونے والے سیاستدانوں کو ترجیح دی جبکہ پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں کو نظر انداز کیا۔

تاہم اب یہ دھرنا ختم ہو گیا ہے۔ ریحام خان کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان کو آپس میں لڑتے اور پی ٹی آئی کی قیادت سے گلے شکوے کرتے دیکھا گیا ہے جس نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق پی ٹی آئی کو اندرونی اختلافات پر جلد از جلد قابو پانا ہو گا بصورت دیگر پی ٹی آئی کو عام انتخابات میں نقصان اُٹھانا پڑ سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات