موسم گرما کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ سے ترشاوہ پھل کیرے کا شکار ہو سکتے ہیں،ماہرین زراعت

ہفتہ 23 جون 2018 14:52

فیصل آباد۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ ماہ جون کے دوران موسم گرما کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ سے کنو ، مالٹا ، مسمی ، چکوترا ، ویلنشیا، لیموں سمیت دیگر ترشاوہ پھل کیرے کا شکار ہو سکتے ہیں لہٰذا ترشاوہ پھلوں کے باغبان انسدادی اقدامات یقینی بنائیںتاکہ بعد ازاں انہیں کسی مالی نقصان یا پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ 45 سے 50ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان درجہ حرارت پھلوں کو بری طرح متاثر کرتاہے لہٰذا باغبانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ماہرین زراعت کی مشاورت سے تدارکی پہلوؤں پر عملدرآمد میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ باغبان ترشاوہ باغات کو زیادہ درجہ حرارت سے محفوظ رکھنے کیلئے مطلوبہ سفارشات پر عمل کریں کیونکہ شدید گرمی میں سبز پتے زرد ی مائل ہونا شروع ہوجاتے ہیں اس طرح نہ صرف پیڑوں سے پتے گرنے کاعمل شروع ہو جاتاہے بلکہ پھل کو نشاستہ نہ ملنے کی وجہ سے پھل بھی چھوٹے سائز کا رہ جانے سمیت زردی مائل ہو کر گرنا شروع ہو جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مذکورہ صورتحال میں پھل کے اندر رس بننے کاعمل بھی متاثر ہوتاہے اس طرح جوس نہ ہونے سے ترشاوہ پھل پھوک میں تبدیل ہو جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ باغبان مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف یاماہرین زراعت سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :