Live Updates

ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کرنے والے اور افواہیں پھیلانے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں،شاہد رشید بٹ

ہفتہ 23 جون 2018 15:11

ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کرنے والے اور افواہیں پھیلانے والے ملک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کرنے والے اور افواہیں پھیلانے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔سکیم کو کامیاب بنانے کیلئے اسکی آخری تاریخ میں توسیع سے اربوں ڈالر کا استفادہ کیا جا سکتا ہے۔۔ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں توسیع کیلئے فوری طور پر صدارتی آرڈیننس جاری کیا جائے۔

شاہد رشید بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سابقہ حکومت نے اس سکیم کا اجراء تاخیر سے کیا اور اس پر عمل درآمد عبوری حکومت پر چھوڑدیاجو اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے اس میں توسیع نہیں کرنا چاہتی جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیم میں ابہام، تکنیکی کمزوریوں،رمضان المبارک کی آمدکی وجہ سے معاملات میں سست روی ،افواہوںاورعدالتی امور وغیرہ کی وجہ سے اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند بر وقت فیصلہ نہ کر سکے جس میں انکا کوئی قصور نہیں کیونکہ عدم استحکام اور پالیسیوں میں اچانک بنیادی تبدیلیاں کرناپاکستان کے سیاسی کلچر کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اب جب کاروباری برادری کو اس سکیم کی اہمیت و افادیت کا احساس ہو گیا ہے اس میں کم از کم ایک مہینے کی توسیع کی جائے جس کیلئے صدارتی آرڈیننس واحد آپشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے جاری حسابات کے خسارے اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے اور کاروباری برادری کی اعتماد سازی میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ 2016-17 میں پاکستانیوں نے قانونی ذرائع سی15 ارب ڈالر سے زیادہ ملک سے باہر بھیجے جبکہ غیر قانونی چینلزسے بھیجی جانے والی رقم اس سے کہیں زیادہ ہو گی جس سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جب لوگ اپنا سرمایہ واپس لا رہے ہیں تو انھیں وقت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایک بہتر سکیم سے بھر پور استفادہ کو یقینی بنایا جا سکے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات