Live Updates

کسی سے کوئی خوف نہیں، مجبوری ہے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا،جہانگیر ترین

ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں،شاہ محمود کی پریس کانفرنس پر کوئی بات نہیں کروں گا،میں جرات مندانہ فیصلے کرتا ہوں

ہفتہ 23 جون 2018 15:23

کسی سے کوئی خوف نہیں، مجبوری ہے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا،جہانگیر ..
لودھراں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ کسی سے ڈرتے ہیں نہ خوف میں ہیں ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں اور مجبوری ہے کہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا،میں جرات مندانہ فیصلے کرتا ہوں،ہمارے لیے عمران خان کا نظریہ پہلے اور ذات بعد میں ہے، میری اور خان صاحب کی کوشش ہے کہ صرف انہیں ٹکٹ دیاجائے جو حلقہ جیت سکیں، پنجاب اور وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔

لودھراں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر کوئی بات نہیں کروں گا، غیر مناسب بات ہے کہ میں شاہ محمود کی بات پر کمنٹ کروں۔ انہوں نے کہا پریس کانفرنس کے ذریعے پی ٹی آئی کے کسی بھی لیڈر کی ایسی بات نہیں ہونی چاہیے، تحریک انصاف میں ایسی باتیں نہیں کی جاسکتیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپس کی لڑائیاں منظرعام پرنہیں آنی چاہئیں اور بندکمرے میں فیصلہ کرناچاہیے، آپس کی بات میڈیا میں کرنا غیرمناسب ہے، یہ بالکل بھول جائیں کہ کسی سے ڈرتے ہیں یا کسی سے خوف میں ہیں، ہم مقابلہ کرناجانتے ہیں، میں جرات مندانہ فیصلے کرتا ہوں، سیاست میں ڈیڈلاک ہوتیہیں، ٹوٹے بھی ہیں چیزیں بنتی اور بگڑتی بھی ہیں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ کوئی نہیں کہہ سکتاکہ میں اپنی ذات کے لیے کوشش کررہا ہوں، میں اور میرا بیٹا الیکشن نہیں لڑرہے، میری اور میرے بیٹے کی مجبوری ہے کہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، میرا بیٹا برطانیہ میں آج بھی امتحان دے رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے لیے عمران خان کا نظریہ پہلے اور ذات بعد میں ہے، نئے پاکستان کے لیے عمران خان کا وزیراعظم بننا لازم ہے۔

انہوں نے کہا آج یا کل تک ٹکٹوں کافیصلہ کرلیاجائے گا، میری اور خان صاحب کی کوشش ہے کہ صرف انہیں ٹکٹ دیاجائے جو حلقہ جیت سکیں کیونکہ ہم نے حلقے نہ جیتے تو عمران خان وزیراعظم نہیں بنیں گے، ہمیں انہیں ٹکٹ دینے ہیں جوبقول عمران خان الیکشن کی سائنس جانتے ہیں۔جہانگیر ترین نے دعوی کیا کہ پنجاب اور وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات