کراچی ، میدان جنگ میں شکست کے بعد امریکہ افغان طالبان کے خلاف سازشوں پر اُتر آیا ہے ،حافظ عاکف سعید

ہفتہ 23 جون 2018 15:24

․کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) میدان جنگ میں شکست کے بعد امریکہ افغان طالبان کے خلاف سازشوں پر اُتر آیا ہے ۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میںجنگ ہار چکا ہے اور اب وہ اس جنگ کو جیت میں بدلنے کے لیے پوری دنیا میںعلماء کی کانفرنسز منعقد کرکے افغان طالبان کے خلاف ایک ایسی فضا ہموار کرنا چاہتا ہے جس سے امریکہ افغان طالبان کے جہاد فی سبیل اللہ کو انتشار اور فساد ثابت کر سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کابل اور انڈو نیشیا میں ایسی کانفرنسز منعقد کرکے ان نتائج کو اپنے حق میںتبدیل کرنے کی کوشش کر چکا ہے۔ ایسی کانفرنس میں علماء کی کہی گئی حق بات کوامریکہ میڈیا کے ذریعے دبا دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اپنی اسلامی حکومت کو بحال کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں لہٰذا وہ بلا شک و شبہ جہاد فی سبیل اللہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان علماء کو اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ وہ ایسی کسی کانفرنس میں شرکت نہ کریں جس سے طاغوتی قوتوں کے موقف کو تقویت ملے ۔طاغوتی قوتیں جب حملہ آور ہوں گی تو وہ بریلوی ، دیوبندی ،شیعہ ، اہل حدیث میں فرق نہیں کریں گی۔ ہمارا بچاؤ صرف اتحاد میں ہے ۔#