فٹبال ورلڈ کپ،سوئٹزرلینڈ اور نائیجیریا نے اپنے گروپ میچز جیت لیے

نائیجیریا کی فتح کے بعد میسی کی ارجنٹینا کی میگا ایونٹ میں موجود رہنے کی امیدیں روشن ہوگئی

ہفتہ 23 جون 2018 16:24

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) فیفا ورلڈ کپ میں سوئٹزرلینڈ اور سربیا کے درمیان کانٹے دار میچ ہوا جس میں سوئیزرلینڈ کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کرلی۔گروپ ای کے میچ میں سربیا نے کھیل کے پانچویں منٹ میں ایلکزینڈر مترووچ کے گول کے زریعے برتری حاصل کی۔ سربیا کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

کھیل کے دوسرے ہاف میں سوئس ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور باون ویں منٹ میں گرانیٹ جھاکا نے گول کرکے سربیا کی برتری کو برابر میں بدل دیا۔ کھیل کے نوے منٹ میں زیردان شکیری نے گول کرکے اپنی ٹیم کو دو ایک سے فتح دلادی۔اس سے پہلے کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں نائجیریا نے آئس لینڈ کو دو صفر سے شکست دی۔ نائیجیریا کے احمد موسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو شاندار گول کئے۔

(جاری ہے)

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر کئی حملے کیے تاہم دونوں ہی گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں۔ دوسرے ہاف میں 49 ویں منٹ پر احمد موسی کے شاندار گول نے نائیجیریا کو برتری دلوا دی۔ اسکے بعد احمد موسی نے کھیل کے 75ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔نائیجیریا کی فتح کے بعد میسی کی ارجنٹینا کی میگا ایونٹ میں موجود رہنے کی امیدیں روشن ہوگئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :