ٹرمپ کے داماد کی اسرائیل آمد،

فلسطینیوں کا شدید احتجاج جیرڈ کشنر کی واپسی کا مطالبہ اور اسرائیل مخالف نعرے بازی کی گئی

ہفتہ 23 جون 2018 16:26

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر کی اسرائیل اامد پر فلسطینیوں نے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا، احتجاج کے دوران کشنر کی واپسی کا مطالبہ اور اسرائیل مخالف نعرے بازی کی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر مشرق وسطی کے تنازع کے حل کیلئے اسرائیل پہنچ گئے، جس پر ہزاروں فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جیرڈ کشنر اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے بعد جمعرات کو ریاض پہنچے، جہاں انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مشرق وسطی کے تنازع کے حل کیلئے نئے امن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماں نے مشرق وسطی،علاقائی،عالمی امور اور دیگر تنازعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

کشنر سعودی عرب کے بعد تل ابیب پہنچے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کی، دونوں رہنماں نے مشرق وسطی تنازع کے حل کے نئے امن منصوبے پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ہزاروں فلسطینیوں نے خان یونس میں احتجاج کرتے ہوئے کشنر کی واپسی کا مطالبہ کیا، اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔خیال رہے کہ امریکی مندوبین ان دنوں مشرق وسطی کے ممالک کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل کے حوالے سے پیش کردہ امن فارمولے صدی کی ڈیل کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے علاقائی ممالک کی قیادت سے بات چیت کررہے ہیں۔