یمن، الحدیدہ پر حوثی ملیشیا کا قبضہ عالمی امن کیلئے خطرہ ، یمنی وزیر خارجہ

بندرگاہ کے راستے ایران حوثی ملیشیا کو میزائل اور اسلحہ پہنچا رہا ہے،آبی ٹریفک کو لاحق خطرات پرخاموش نہیں رہیں گے

ہفتہ 23 جون 2018 16:26

الحدیدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) یمن کے وزیر خارجہ خالد الیمانی نے خبردارکیا ہے کہ الحدیدہ بندرگاہ کا حوثی ملیشیا کے قبضے میں رہنا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، الحدیدہ بندرگاہ کے راستے ایران حوثی ملیشیا کو میزائل اور اسلحہ پہنچا رہا ہے،آبی ٹریفک کو لاحق خطرات پرخاموش نہیں رہیں گے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن کے وزیر خارجہ خالد الیمانی نے خبردارکیا ہے کہ الحدیدہ بندرگاہ کا حوثی ملیشیا کے قبضے میں رہنا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

یمنی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار برطانیہ کے وزیر برائیامور مشرق وسطی الیسٹر پیرٹ سے ٹیلفیون پر بات چیت میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا کو الحدیدہ بندرگاہ کے راستے ایران میزائل اور اسلحہ پہنچا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اگر یہ بندرگاہ بدستور حوثیوں کے قبضے میں رہتی ہے تو اس کے نتیجے میں نہ صرف پورا خطہ عدم استحکام کا شکار رہے گا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ باب المندب بندرگاہ اور بحر الاحمر میں جہاز رانی کو حوثیوں کی طرف سے لاحق خطرات پر خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔الیمانی نے کہا کہ یمنی حکومت نے عرب اتحاد کے ساتھ مل کر حوثی باغیوں کو الحدیدہ کا کنٹرول حکومت کے حوالے کرنے اور لڑائی سے گریز کا مشورہ دیا مگر حوثیوں کی جانب سے جواب میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا۔ حوثی باغی قومی املاک کو کوڑیوں کے بھائو بلیک مارکیٹ میں فروخت کرکے اپنے جنگی اخراجات پورے کررہے ہیں۔