مقبوضہ کشمیر ،ْ بھارتی فورسز نے 21مجاہدین ہٹ لسٹ پر رکھ لیے

بھارتی فورسز شہید نوجوانوں کے جنازوں میں لوگوں کی والہانہ شرکت سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار

ہفتہ 23 جون 2018 16:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزنے مختلف مجاہد تنظیموں سے وابستہ 21کشمیری مجاہدوں کی فہرست مرتب کر کے انہیں ہٹ لسٹ پر رکھ لیا ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد بھارتی فورسز نے فہرست میں شامل عسکریت پسندوں کو ہدف بنانے اور تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے بڑے آپریشنز شروع کر دیے ہیں۔

جن نوجوانوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے ان میں ریاض احمد نائیکو، الطاف احمد ڈار، عمر مجید گنائی، زینت الاسلام، مشتاق احمد میر ،زاکر رشید بٹ، محمد عباس شیخ، سیف اللہ میر، لطیف احمد ڈار ، عمر فیاض لون، منان وانی، آزاد احمد ملک،شکور احمد ڈار، ریاض احمد ڈار، زاہد احمد وانی، مدثر احمد خان ، جنید احمد صحرائی( کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کا بیٹا) اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا قابض انتظامیہ نے بھارتی پولیس سے کہا ہے کہ وہ شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ کے اجتماعات سے خطاب کرنے والوں کی شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائی عمل میںلائے۔ پولیس سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ شہید نوجوانوں کے جنازوں میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کو ناممکن بنائے۔شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کی شرکت سے بھارتی فورسز اس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کہ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوںکے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں انکے اہلخانہ کے سپرد نہ کرنے کے حوالے سے ایک موثر پالیسی مرتب کرے تاکہ ان کے جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت از خود ختم ہو سکے۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیاہے کہ کشمیر میں پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنازوں کے بڑے بڑے اجتماعات باالآکر بھارت مخالف ریلیوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور اس دوران لوگوں کے والہانہ جوش و جذبے سے متاثر ہو کر مزید نوجوان مجاہدین کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے تیار ہو جاتے ہیں۔