مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ‘اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں ‘قابض بھارتی افواج ایک منظم منصوبہ کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کے ذریعے کشمیریوں کی اجتماعی نسل کشی کر رہی ہے

پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چودھری پرویز اشرف کا ترکی پہنچنے پر کشمیری کمیونٹی سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 16:59

ترکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چودھری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہو چکی ہے اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں قابض بھارتی افواج ایک منظم منصوبہ کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کے ذریعے کشمیریوں کی اجتماعی نسل کشی کر رہی ہے وہ آج یہاں آپنے دورہ کے پہلے مرحلہ میں ترکی پہنچنے پر کشمیری کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد میں جان اور مال کی قربانیاں دی ہیں۔

کشمیریوں نے جو قربانیاں دیں اس کی مثال پورے ایشیا میں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے انتہائی منظم انداز میں تحریک آزادی کی جاندار آوازوں کو دبانے اور بلآخر راستے سے ہٹانے کی کوشش کی مگر وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کم نہیں کر سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تحریک کو دبانے کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جارہے جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج سمجھتی تھی کہ کشمیری اس سے خوفزدہ ہو جائیں گے مگر دنیا نے اور بھارت نے بھی دیکھ لیا ہے کہ بھارتی فوج کی گولیاں اور تمام تر ظلم و ستم ہمیں اپنے مقصد سے ہٹانے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت آج بھی مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے کشمیر میں نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے،آج بھی کشمیر کے بازاروں میں کرفیو نافذ ہے، مساجد میں نماز پڑھنے پر بھی پابندیاں لگا دی جاتی ہیں۔

۔انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ کشمیر کو ایک انسانی مسئلے کے طور پر لے۔ پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائے مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی اور ریاست جموں وکشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نافذ ہندوستانی کالے قوانین ، پیلٹ گننز سے نہتے نوجوانوں کو شہید اور زخمی کرنے ،اور ہندوستانی غاصب فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں تشدد اور روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو انکا پیدائشی حق حق خود ارادیت دیا جائے۔