کراچی ،بلدیہ کورنگی کے مون سون برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے اقدامات

ہفتہ 23 جون 2018 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی سیداحمرعلی نے کہ ہے کہ مون سون برسات سے قبل ضلع حدود میں نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکمے تمام انتظامات کو مکمل رکھیں،برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب مشنری اور افرادی قوت کو الرٹ رکھا جائے ان خیالات کا اظہار وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی سیداحمر علی نے ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے برساتی نالوں کی صفائی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اسموقع پر یونین کمیٹیز کے نمائندے اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے ،وائس چیئر مین سید احمر علی نے ضلع حدود میں سیوریج سسٹم کی درستگی کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ فوری اقدامات کرکے سیوریج فلو کو درست بنا ئے تاکہ برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کو درست بنا یا جاسکے انہوں نے کہاکہ برساتی نالوں میں سیوریج لائنوں کی وجہ سے نالے کی افادیت ختم ہوتی جارہی ہے نالوں میں سیوریج لائنوں کی وجہ سے نہ صرف برساتی پانی کی نکاسی میں رکاوٹ حائل ہے بلکہ صحت مند ماحول کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی سید احمر علی نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون سے عوام کو درپیش سیوریج مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں بعد ازاں سید احمر علی نے علاقائی دورے کرکے بلدیہ کورنگی کے تحت علاقائی سطح پر جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو عوامی خدمات کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :