بھارتی فوج نے آزادی کشمیر کے سرگرم کارکنان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا

میتیں غائب کردی جائیں ‘ وادی میں جلوس اور جنازوں پر پابندی ہوگی ‘ بھارتی فوج کا پلان

ہفتہ 23 جون 2018 17:06

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جدوجہد میں سرگرم کارکنان کو ہدف بناکر قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ تیز ہوگیا اورہر گزرتے دن کے ساتھ قابض فوج تحریک آزادی کو دبانے کیلیے نہتے شہریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے جس میں گزشتہ روز بھی پانچ کشمیریوں کو شہید کیا گیا اور اب بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کیلئے ایک اور گھناؤنا منصوبہ تیار کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں آپریشن آل آؤٹ 2.0 کے نام سے خطرناک منصوبہ تیار کیا ہے اور آزادی کشمیر میں شریک سرکردہ کارکنان کو قتل کرنے کیلئے ہٹ لسٹ بنائی ہے جس میں آزادی کی جدوجہد میں سرگرم 21 افراد کوشامل کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے نمازہ جنازہ کے اجتماعات سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تدفین کے انتظامات بھی فوج کے ہاتھ میں ہوں گے۔۔بھارتی فوج کے منصوبے کے تحت مارے گئے کشمیریوں کی میتیں ورثا ئ کے حوالے نہیں کی جائیں گی اور منصوبے کے تحت کوشش کی جائیگی کہ میتیں غائب کردی جائیں ، وادی میں جلوس اور جنازوں پر پابندی ہوگی۔