تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور قومی ترقی کی کلید ہے،گورنر پنجاب

نوجوان نسل کے خوشحال مستقبل کیلئے تعلیم پرزیادہ خرچ کرنا وقت کی ضرورت ہے

ہفتہ 23 جون 2018 17:16

تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور قومی ترقی کی کلید ہے،گورنر پنجاب
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور قومی ترقی کی کلید ہے، تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، نوجوان نسل کے خوشحال مستقبل کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل کا تعلیمی سہولیات پر خرچ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔تعلقات عامہ پنجاب کے ہینڈ آئوٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات کیڈٹ کالج حسن ابدال میں دوسرے نیشنل آوٹ ریچ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال میجرجنرل (ر) نجیب طارق ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی بورڈ آف گورنرز و چیئرمین پی او ایف واہ لیفٹیننٹ صادق علی، ممبر بورڈ آف گورنرز لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عمران مجید ، پنجاب کے نگراں وزیر سماجی بہبود ، انسانی حقوق و اقلیتی امور چوہدری فیصل مشتاق اور دیگر ممبران متعلقہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے آوٹ ریچ پروگرام کے اجراء کے لئے پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال کی کاوشوںکو سراہا اور کہاکہ مزید بچوںکو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعلیمی وظائف حاصل کئے جائیںاور مخیر افراد اس کار خیر میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیمی شعبہ پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ کیڈٹ کالج جیسے ادارے جدید علوم کے فروغ میں اہم کردارادا کر رہے ہیں اور اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا ء قومی اور بین الاقومی سطح پر قابلیت اور اعلی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی ایسے علوم کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے کیڈٹ کالج نے ذہین بچونںکو اپنی مادر علمی کے در کھول دیئے ہیں۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ اعلی اقدار کے حامل تعلیمی ادارے ہمیشہ قوموں کی تعمیر اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ملک کو زندگی کے تمام شعبوں کے لیے لیڈر فراہم کرتے ہیں جو ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں مد د فراہم کرتے ہیں۔