اپنی قوم پر مظالم اور دہشتگردی کی معاون ایرانی رجیم مجرم ہے،امریکا

ایرانی عوام بھوک سے مررہے ہیں جبکہ ان کے وسائل کو بیرون ملک جنگوں پر صرف کیا جاتا ہے،امریکی وزیرخارجہ

ہفتہ 23 جون 2018 18:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی رجیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مجرم قرار دیدیا ہے۔ہفتہ کو ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ایرانی رجیم اپنی قوم پرمظالم ڈھار رہی ہے۔ عوام پر غربت اور پسماندگی مسلط کی گئی جبکہ قومی وسائل کو دہشتگردی کی معاونت پر صرف کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ رواں سال جنوری میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ایرانی رجیم نے 5000 شہریوں کو پابند سلاسل کیا۔30 خواتین کو حجاب کی مخالفت پر گرفتار کیا گیا جبکہ سیکڑوں صوفی درویشوں کوگرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا۔صوبہ اھواز کے 400 باشندوں کو گرفتار اور اصفہان شہر کے 30کسانوں کو اپنے حقوق مانگنے کی پاداش میں جیلوں میں ڈالا گیا۔انہوں نے کہاکہ ایرانی عوام بھوک سے مررہے ہیں جبکہ ان کے وسائل کو بیرون ملک جنگوں پر صرف کیا جاتا ہے۔