Live Updates

این اے 131 عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل

لاہور ہائی کورٹ نے فریقین کے وکلاء کو دلائل کے لئے 25 جون کو طلب کر لیا

ہفتہ 23 جون 2018 18:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے این اے 131 سے تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل پر فریقین کے وکلاء کو دلائل کے لئے 25 جون کو طلب کر لیا، اپیل کنندہ جہانگیر ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنے تمام اثاثے ظاہر نہیں کیے اور اپنی بیٹی کا ذکر بھی کاغذات میں کیا گیا، ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کاغذات منظور کیے لہٰذا اپیلٹ ٹربیونل ان کے کاغذات مسترد کرے، این اے 99 سے آزاد امیدوار سعید اکبر نوانی اور رشید اکبر نوانی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر متعلقہ ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ان کے مخالف امیدوار انعام اللہ خان نیازی نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ دونوں بھائیوں کو جعلی ڈگریوں کے باعث نااہل قرار دیا گیا، ریٹرننگ افسر نے دونوں بھائیوں کے کاغذات حقائق کے برعکس منظور کیے، علاوہ ازیں این اے 95 میانوالی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان پر مشتمل ٹربیونل نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے، عمران خان نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے عدالت الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جون کو طلب کر لیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات