ٹیکسز کی ادائیگی قومی فریضہ ہے ،کسی بھی ملک کا نظام چلانے کیلئے ٹیکسز کی ادائیگی ناگزیر ہے،ڈاکٹر اشفاق احمد تنیو

بزنس کمیونٹی کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے،چیف کمشنرانلینڈ ریونیو(ایف بی آر)بلوچستان

ہفتہ 23 جون 2018 18:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) چیف کمشنرانلینڈ ریونیو(ایف بی آر)بلوچستان ڈاکٹر اشفاق احمد تنیو نے کہا ہے کہ ٹیکسز کی ادائیگی قومی فریضہ ہے کسی بھی ملک کا نظام چلانے کیلئے ٹیکسز کی ادائیگی ناگزیر ہے بزنس کمیونٹی کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے ایف بی آر نے ہمیشہ قانونی طریقے سے تجارت کرنے والوں کوترجیح دی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریجنل ٹیکس آفس میں ٹیکس ایمنٹسی اسکیم 2018ء کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر کمشنر انکم ٹیکس بلوچستان صاحبزادہ عبدالمتین ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹر عبدالمالک درانی ایڈیشنل کمشنر زون ون رحمت اللہ خان درانی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالصمد، کوئٹہ چیمبرآف سمال ٹریڈز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر سید سلیم رضا ایڈووکیٹ، فلور ملز ایسوسی ایشن کے بدر دین کاکڑ،ٹیکس بار کے صدر محمد آصف، بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ثناء درانی، ڈپٹی کمشنر فدا الحق، اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین خان، طلحہ مسعود،فاطمہ علی، اقصی غرشین سمیت بڑی تعداد میں وکلاء و بزنس کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی چیف کمشنر انلینڈ ریونیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے عملے کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ بھر پور تعاون کریں کمشنر انکم ٹیکس بلوچستان عبدالمتین نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے ہمیشہ قانونی طریقے سے تجارت کرنے والوں کو ترجیح دی ہے انہو ں نے کہا کہ وکلاء اپنے بڑے نادہندگان کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ ٹیکس ایمنٹسی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور تجارت کریں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کاروبار کو قانونی کرنے کا بہترین موقع ہے اس سے قبل شرکاء کو ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر رحمت اللہ خان درانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کیلئے ایک سنہری موقع ہے تاکہ وہ اپنا بزنس قانون کے مطابق کرسکیں ٹیکسز کی مد میں جمع ہونے والی رقم سے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے مکمل کئے جاتے ہیں فعال ٹیکس نظام مستحکم ملکی معیشت کی ضمانت ہے کیونکہ کسی بھی ملک کا نظام چلانے کیلئے ٹیکسز پر ہی انحصار کیا جاتا ہے انہو ں نے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ قواعدو ضوابط کے مطابق کاروبار کریں اور تجارت کو فروغ دیں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھر پور استفادہ کریں تاکہ ملک خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہوسکے۔