کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتے‘ذکر اللہ مجاہد

نادیداہ قوتیں اور سیکولر طبقہ ملک میں اسلامی نظام اور اخلاقی اقتدار کوکی بحالی میں رکاوٹ ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 23 جون 2018 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتے ۔ کرپشن نے پورے ملک کے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے ملک میں میرٹ نہ ہونے کے چکا ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ایم ایم اے لاہور کی سیاسی کونسل کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایم ایم اے کے ضلعی قائدین حافظ ریاض درانی ، اشر ف گجر ، رانا رحمت ، امیتاز احمد ایڈووکیٹ ، جعفر شاہ ، انچارچ سیاسی کمیٹی ونائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، قائم مقام سیکرٹری سیاسی کمیٹی ملک محمد الیاس، نائب سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عبدالحفیظ اعوان و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور ظلم کے نظام کی تبدیلی کیلئے آئندہ انتخابات میں دینی قوتیں اپنے ووٹرز کو متحد کریں اور عوام میں متحدہ مجلس عمل کے منشور کی آگاہی کیلئے زیادہ سے زیادہ انتخابی اور رابطہ مہم کو تیز سے تیز تر کرتے ہوئے کارنز میٹنگز ، گلی ،محلے اور علاقوں کی سطح پر انتخابی ریلیاں اور جلسے جلسوں کا انعقاد کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام کو آئندہ انتخابات میں ملک و قوم کی بقاء ، استحکام ، اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے دیانتدار قیادت کاساتھ دینا ہو گاتاکہ سترہ سال سے خاندانی ، موروثی سیاست اور ملکی قانون کا استحصال کرنے والو ں سے چٹکارا مل سکے اورایک اسلامی و فلاحی ریاست کا قائم ممکن ہو ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نادیداہ قوتیں اور سیکولر طبقہ ملک میں سلامی نظام اور اخلاقی اقتدار کو تباہ کرنے پر تلا ہو ا ہے۔ ایم ایم اے میں موجود تمام دینی جماعتیں مل کر سیکولر اور لبرل ازم کا پرچار کرنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی اور ان کے مزموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔