کراچی کے عوام کو گرین لائن بس منصوبے سے محروم رکھنا سندھ کی دو حکمراں جماعتوں کی سازش ہے،علی اکبر گجر

ہفتہ 23 جون 2018 20:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر اور مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمدنواز شریف کے سندھ میں فعال ساتھی علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم رکھنے کے ذمہ دار ماضی کے حکمران عوام کے کڑے احتساب کے لئے تیار ہوجائیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن)پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو قربانی کا بکرا سمجھ کر اس کے وسائل لوٹنے والوں کو عبرتناک شکست سے سے دوچار کرے گی․ دنیا کا بڑا شہر پاکستان کا سب سے بڑا شہر لسانی اور علاقائی سیاست کی بھینٹ چڑھاکر مخصوص گروہوں نے بیرون ملک جائدادیں بنائیں اور کراچی کے عوام کو پانی کی بوند بوند کے لئے ترسایا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صڈر علی اکبر گجر نے کہا کہ سندھ کے عوام کو ہاری سمجھنے والوں کی سیاست کا خاتمہ قریب ہی․ کراچی کے عوام شہر میں امن قائم کرنے والی جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑے ہیں․ کراچی کے وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کو ووٹ کی طاقت سے احتساب کے کٹہرے میں لائیں گی․ کراچی کے عوام کو گرین لائن بس منصوبے سے محروم رکھنا سندھ کی دو حکمراں جماعتوں کی سازش ہے۔

(جاری ہے)

تیس سال سے کراچی اور سندھ کے وسائل پر قابض حکمران جماعتیں صوبے کے عوام کو ایک اچھی شاہراہ، ایک ٹرانسپورٹ منسوبہ ، ایک پانی و بجلی کا منصوبہ نہیں دے سکیں لیک دونوں جماعتوں نے سندھ کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک جائدادیں اور کاروباری ایمپائر کھڑی کیں․ علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی کے اعلی تعلیمیافتہ نوجوان ملازمتوں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن سندھ پر حکومت کرنے والوں کی اولادیں بھائی بھتیجے بھانجے سالے اور بہنوئی صوبے کے سرکاری وسائل پر عیاشیاں کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے عوام کو لوٹ مار مافیہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی․ ہم سندھ کے عوام کو مافیائوں کے شکنجے سے نجات دلائیں گے، آئندہ انتخابات میں سندھ کے عوام کے ووٹ کی بھرپور طاقت کے ساتھ سندھ میں قائد محمد نواز شریف کے نامزد نمائندوں کی حکومت بنا کر سندھ کے عوام، ہاریوں مزدوروں اور محنت کشوں کو شہری اور دیہی جاگیردادروں سے ہمیشہ کے لئے آزاداکروائیں گی․