محکمہ زراعت کے زیر اہتمام پنجاب ایگری ایکسپو2018کا انعقاد

وزیرزراعت،خوراک،پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ پنجاب سردار تنویر الیاس خان نے پنجاب ایگری ایکسپو2018 کا افتتاح کیا سے زائد ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کیا،پنجاب ایگری ایکسپو2018 24, جون تک جاری رہے گی

ہفتہ 23 جون 2018 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) محکمہ زراعت نے پاکستانی زرعی مصنوعات کے فروغ کیلئے ایگری ایکسپو2018 کا انعقاد کیا ۔وزیر زراعت پنجاب سردارتنویر الیاس نے پنجاب ایگری ایکسپو2018 کا افتتاح کیا۔ڈاکٹر واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے اس زرعی نمائش میں شرکت کی جبکہ بیلا روس،کرغستان اور نائیجریا کے سفیروں نے خصوصی شرکت کی۔

محکمہ زراعت پنجاب کے اعلی افسران بھی موقع پر موجود تھے۔زرعی نمائش کیلئے سٹالز ایکسپو سنٹرجوہر ٹائون ، لاہورمیںلگائے گئے ہیں۔ نمائش میں100سے زائد ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی شرکت کی اور اپنی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کیا۔ محکمہ زراعت پنجاب کی منعقدہ ایگری ایکسپو 2018میں ملکی اور غیر ملکی صنعت کار ، کاشتکار، درآمد و برآمد کنندگان کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سردار تنویر الیاس نے کہا کہ جہاں ایگری ایکسپو کے انعقاد سے ملکی ہارٹیکلچر،ہائی ویلیو ایگریکلچر اور چاول کی اعلی اقسام اور ان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہو ں گے وہاں دنیابھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہو گی ۔وزیر زراعت پنجاب نے محکمہ زراعت کے افسران کو ایک کامیاب نمائش منعقد کرنے پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا ۔

وزیر زراعت پنجاب سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ اس نمائش سے کاشتکاروں،ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں ، پروسیسرز،درآمد اور برآمد کنندگان کیلئے قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطہ کاری کے وسیع مواقع کی فراہمی کے علاوہ عالمی مارکیٹوں میںبرآمد کے ذریعے پاکستانی ہارٹیکلچر،ہائی ویلیو ایگریکلچر اور چاول کی مصنوعات کی ترقی، بہتری اور فروغ و ترویج کے امکانات کے لیے مواقع حاصل ہوں گے۔

ڈاکٹر واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ ایگری ایکسپو2018 سے پاکستانی زرعی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے دنیا بھر کے تاجروں سے رابطے میں مدد ملے گی اور پاکستانی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ نمائش میںچاول، پھلوں،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا گیا اورزرعی شعبہ سے وابستہ کاشتکار،ایکسپوٹرز،امپورٹرز اورملکی و بین الاقوامی کمپنیاں اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کیں۔

نمائش میں کاشتکاروں ودیگر شرکاء کی آگاہی کیلئے سمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس نمائش میں شریک مختلف ممالک کے سفیروں نے نمائش کے انعقاد کو سراہا اور باہمی دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستانی زرعی ایلسپورٹ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔نمائش میں وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت پنجاب نے سفیروں سے غیررسمی ملاقات بھی کیاور انہیں پنجاب میں سرماہ کاری کے لئے دعوت دی ۔اس موقع پر ڈاکٹر واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے نمائش میں شریک سفیروں کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔یہ دو روزہ نمائش کل تک جاری رہے گی۔