خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات گلیات اور بحرین کے دفاتر فعال

سیاحوں کی شکایات پر پہلی کاروائی کے دوران دو ہوٹل سربمہر ، چار پر بھاری جرمانے عائد

ہفتہ 23 جون 2018 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) خیبرپختونخواہفوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سیاحتی مقامات گلیات اور بحرین کے دفاتر فعال کردیئے ۔ گلیات میں سیاحوں کی شکایات پر پہلی کاروائی کے دوران دو ہوٹل سربمہر جبکہ چار پر بھاری جرمانے عائد کردیے ہیں۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق صوبے کے سیاحتی مقامات پر گرمیوں میں سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے جہاں صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی کے دفاتر کا قیام ناگزیر تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحوں کی دھڑا دھڑ شکایات پر پہلی کاروائی عمل میں لائی گئی جہاں نتھیا گلی میں ہوٹلز کی چیکنگ ہوئی ۔ چیکنگ کے دوران زائدالمیعاد اشیا اور گلی سڑی سبزیا ں اور گوشت برآمدہونے پر دو ہوٹلوں کو تالے لگادیے گئے جبکہ چار پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیاحوں نے فوڈ اتھارٹی کی بروقت کاروائی کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے جبکہ بلا امتیاز کاروائیوں کو دیکھ کر تاجر تنظیموں نے بھی فوڈ اتھارٹی کی کاروائیوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بحرین میں بھی اشیائے خوردنوش سے متعلق اشیا کی چیکنگ شروع ہوچکی ہے اور اس بارے کئی دکانوں، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ کو ایمپرومنٹ اور وارننگ نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاح ملک کے دیگر حصوں کو چھوڑ کر پختونخوا ہ کا رخ کرتے ہیں جہاں ان کو مزید آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنے کیلئے فوڈ اتھارٹی کے دفاتر کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ عوامی شکایات کیلئے کمپلینٹسیل سمیت سوشل میڈیا کے تمام ذرائع بروئے کارلائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :