انتخابات 2018 اب تک کا سب سے زیادہ امیر امیدوار سامنے آگیا

مظفر گڑھ کے آزاد امیدوار محمد حسین شیخ نے اپنے کاغذات میں کھربوں روپے کے اثاثے ظاہر کردیئے سپریم کورٹ کے فیصلے سے حاصل ہونے والی 5 علاقوں کی زمین کی قیمت کا اندازہ 4 کھرب 3 ارب 11 کروڑ روپے ہے، محمد حسین شیخ

ہفتہ 23 جون 2018 20:28

مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں ایک آزاد امیدوار محمد حسین منا شیخ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں کھربوں روپے کے اثاثے ظاہر کردیے۔محمد حسین منا شیخ کی جانب سے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 4 کھرب 3 ارب 11 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔خیال رہے کہ مظفر گڑھ سے آزاد امیدوار محمد حسین کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثے اب تک کے سب سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد حسین قومی اسمبلی کے حلقہ 182 مظفر گڑھ اور پی پی 270 سے آزادی حیثیت میں امیدوار ہیں۔محمد حسین کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق کھربوں روپے اثاثوں کے باجود انہوں نے ایک روپیہ بھی ٹیکس ادا نہیں کیا۔اس حوالے سے آزاد امیدوارمحمدحسین کا کہنا تھا کہ ان کی تحصیل مظفرگڑھ میں ان کی ملکیت کے 5 علاقے لانگ ملانہ، تلیری، چک تلیری،لٹکراں اور 40 فیصد مظفرگڑھ شہر پر بااثر افراد نے غیرقانونی طور قبضہ کر رکھا تھا، تاہم چیف جسٹس سپریم کورٹ نے 88 سال بعد ان کے خاندان کے حق میں فیصلہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حاصل ہونے والی 5 علاقوں کی زمین کی قیمت کا اندازہ 4 کھرب 3 ارب 11 کروڑ روپے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے 88 سال بعد انہیں ان کا حق دلایا۔