پاکستان سنی تحریک 98فیصد متوسط طبقے کی جماعت ہے، ثروت اعجاز قادری

غریبوں کو ایوانوں سے دور رکھنے کیلئے نئے نئے جدید طریقے استعمال کئے جارہے ہیں الیکشن فارم میں نئے اکائونٹ کی شرط اور فیسوں میں اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے 2018کی الیکشن میںمذہبی وسیاسی جماعتیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

ہفتہ 23 جون 2018 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک 98فیصد متوسط طبقے کی جماعت ہے ،متوسط طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف صرف پی ایس ٹی نے عدالت میں پٹیشن دائر کی ،غریبوں کو ایوانوں سے دور رکھنے کیلئے نئے نئے جدید طریقے استعمال کئے جارہے ہیں ،الیکشن فارم میں نئے اکائونٹ کی شرط اور فیسوں میں اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ2018کی الیکشن میںمذہبی وسیاسی جماعتیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں ،پاکستان سنی تحریک نے بھی اس الیکشن میں اپنے اُمیدوار قومی اور صوبائی سطح پر ملک بھرسے کھڑے کئے ہیں ،کراچی سی3قومی اسمبلی اور10صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پاکستان سنی تحریک کے اُمیدوار انتخابات میں حصہ لے رہیں سندھ سطح پر 5قومی اور20صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ پنجاب میںقومی اسمبلی کی 8اور صوبائی اسمبلی کی 35نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں ،اسی طرح بلوچستان سی3صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تو دوسری جانب خیبر پختوانخوا سے ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار کھڑے کیے ہیں ،ملک بھر سے قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 73امیدوارٹیبل لیمپ کے نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں کسی کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہتے ،محب وطن متوسط طبقے کے افراد ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اتحاد اہلسنت کے حوالے سے تنظیمات اہلسنت کا کامیاب اجلاس قادری ہائوس پر ہوا ،اجلاس میں موجود تمام قائدین اس بات پر متفق ہوئے کہ کسی بھی سنی قیادت کے خلاف کوئی سنی امیدوار کھڑا نہیں ہوگا ،ایک سوال کے جواب میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک 20نکاتی منشور کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہی ہے عوام نے ساتھ دیا تو انشاء اللہ اس منشور کی تکمیل کرکے دم لیں گے ،الیکشن کمیشن کی قومی ،آئینی واخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف انتخابات کو یقینی بنائے ہر انتخابات میں انگلیاں اٹھتی ہیں ایسے اقدامات اور انتظامات کئے جائیں کہ دھاندلی کا کہیں شور نہیں ہو۔

پاکستان سنی تحریک ایک نظریاتی وفلاحی تحریک ہے ہماری جدوجہد کا مقصد مہنگائی ،بے روزگاری اور غربت کی چکی میں پسے مظلوموں کو ان کے حقوق دلانا اور بلا تفریق عوام کی خدمت کرنا ہے ،اقتدار ہماری منزل نہیں ہماری جماعت صرف عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے عوام خوشحال ہوگی تو ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا اورانتہا پسندی و دہشتگردی جڑ سے ختم ہوجائیگی ،پاکستان سنی تحریک نے 20نکاتی انتخابی منشور برائے الیکشن 2018پیش کردیا ہے اس منشور کے تحت ملک وقوم کی خدمت اور عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔