لاہور کی ٹکٹوں کی تقسیم میں بے حد ناانصافی ہوئی ، کارکن میری مہم کا اہم جزو ہیں، ولید اقبال

کارکنوں نے میرے ساتھ مل کر پارٹی کے لئے کام کیا اور اڈہ پلاٹ، چیئرنگ کراس میں کامیاب ریلی کے علاوہ دیگر احتجاجی جلسوں میں رات دن ایک کر دیا تھا گزشتہ تین ہفتوں سے مجھے طعنے سننے کو مل رہے تھے، یقینا پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ سے کہیں غلطیاں ہوئی ہیں لاہور اب خاموش نہیں اب انتظار کا منتظر ہے، مجھے چیئرمین عمران خان کی مشکلات کا علم ہے۔ وہ یقینا اپنے امیدواروں کے ساتھ انصاف کریں گے،پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ جون 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا ہے کہ لاہور کی ٹکٹوں کی تقسیم میں بے حد ناانصافی ہوئی ہے۔ لاہور کے کارکن میری مہم کا اہم جزو ہیں۔ جنہوں نے میرے ساتھ مل کر پارٹی کے لئے کام کیا اور اڈہ پلاٹ، چیئرنگ کراس میں کامیاب ریلی کے علاوہ دیگر احتجاجی جلسوں میں رات دن ایک کر دیا تھا، گزشتہ تین ہفتوں سے مجھے طعنے سننے کو مل رہے تھے۔

یقینا پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ سے کہیں غلطیاں ہوئی ہیں لاہور اب خاموش نہیں اب انتظار کا منتظر ہے۔ مجھے چیئرمین عمران خان کی مشکلات کا علم ہے۔ وہ یقینا اپنے امیدواروں کے ساتھ انصاف کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ولید اقبال نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر تین کلپ دیکھے تھے جن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بنی گالہ میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنے حق کے لئے انصاف حاصل کرنے کے لئے آواز بلند کرنے پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو آپ نے حق کے حصول کیلئے آواز بلند کی یہ آپ کا حق ہے۔

(جاری ہے)

ولید اقبال نے کہا کہ چیئرمین بڑے دل کے مالک ہیں وہ ضرور ٹکٹوں کے معاملات کو حل کریں گے، ولید اقبال نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ آپ پارٹی سسٹم میں رہیں جب پارٹی بلائے تو ضرور جائیں انہوں نے کہا کہ یہ چیئرمین کی بہت بڑی بات ہے کہ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کو جواب دہ ہوں لہٰذا جو بہتر ہو گا وہی کروں گا، ولید اقبال نے کہا کہ لاہور بڑا حساس ہے اور کارکنوں کے جذبات کا خیال رکھا جانا ضروری ہے۔