Live Updates

حکمران گذشتہ 70 برس سے قومی خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹتے اور عوام کے جذبات سے کھیلتے آرہے ہیں ، رہنما تحریک انصاف ضلع ٹھٹھہ

ہفتہ 23 جون 2018 21:06

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما، حلقہ این اے 232 اور پی ایس 77 سے انتخابی امیدوار ارسلان بروہی نے کہا ہے کہ حکمران گذشتہ 70 برس سے قومی خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹتے اور عوام کے جذبات سے کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، انہوں نے آج تک عوام کو جھوٹے دلاسے دیے، سبز باغ دکھائے اور انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے ہوئے وعدوں میں سے ایک بھی ایفائ نہیں کیا، تاہم اب عوام بیدار ہوگئے ہیں، 2018 تبدیلی کا سال ہے، عوام عام انتخابات میں کرپٹ سیاستدانوں کا بخوبی احتساب کریں گے اور انہیں تاریخی شکست نصیب ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھتو چند کے نواحی گاؤں راوت مگسی اور مراد بخش بروہی میں کارنر میٹگنز کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ارسلان بروہی نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے دس برس اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے انہوں نے صرف اپنی جیبیں بھریں جبکہ عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی جماعت ہے، عمران خان اصولوں کی سیاست کرتے ہیں، عام انتخابات میں مخالفین کو عبرتناک شکست ہوگی اور عمران خان وزیر اعظم بنیں گے۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کرتے ہوئے انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات