بلاول بھٹو کے تمام اثاثے موروثی ہیں

پیپلزپارٹی کے چیئرمین کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کے متعلق وضاحت

ہفتہ جون 21:15

بلاول بھٹو کے تمام اثاثے موروثی ہیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے تمام اثاثے موروثی ہیں۔ بلاول ہائوس کراچی کی مالیت 1990 کے اوائل کی قیمت پر ظاہر کی گئی ہے کیونکہ اس وقت گھر کی مالیت 30لاکھ تھی۔

(جاری ہے)

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ٹیکس قوانین کے تحت کسی بھی اثاثے کی مالیت وہی لکھی جاتی ہے جو کسی کے نام پر انتقال کے وقت تھی۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کاغذات نامزدگی میں تین سال کے ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے سامنے 70 سے زائد امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جس میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ(ن)، جے یو آئی، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت کے امیدوار نے اعتراض دائر نہیں کیا اور نہ ہی کاغذات پر کوئی قانونی اعتراض اٹھایا۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تمام قوانین پر من و عن عمل کر رہے ہیں۔