تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادہے، تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا‘رفیق رجوانہ

مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تعلیمی شعبہ پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے ،کیڈٹ کالج جیسے ادارے جدید علوم کے فروغ میں اہم کردارادا کر رہے ہیں ‘گورنر پنجاب

ہفتہ جون 21:15

تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادہے، تعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادہے، ملک میں یکساںبنیادوں پرتعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،وقت کا تقاضہ ہے کہ نوجوان نسل کے خوشحال مستقبل کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل تعلیمی سہولیات پر صرف کیے جائیں اور ملک کے پسماندہ علاقوں کے ایسے زہین اور باصلاحیت بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں جو پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

انہوں نے یہ بات کیڈٹ کالج حسن ابدال میں دوسرے نیشنل آوٹ ریچ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال میجرجنرل (ر) نجیب طارق ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی بورڈ آف گورنرز و چیئرمین پی او ایف واہ لیفٹیننٹ صادق علی، ممبر بورڈ آف گورنرز لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عمران مجید ، پنجاب کے نگراں وزیر سماجی بہبود ، انسانی حقوق و اقلیتی امور چوہدری فیصل مشتاق اور دیگر ممبران متعلقہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ ملک کے چاروں صوبوں اوردیگر علاقوں سے بچوںکو کیڈٹ کالج حسن ابدال جیسے ادارے میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا نہایت مستحسن قدم ہے جس سے فائدہ اٹھا کر یہ بچے داخلوںکے امتحان کی تیاری کر سکتے ہیں اور قابلیت کے بل بوتے پر داخلے حاصل کرکے اپنی آئندہ نسلوں کا مستقبل سنوار سکتے ہیں۔ انہوںنے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کیڈٹ کالج میںمخیر افراد کے تعاون سے سکالرشپ پر زہین بچے کیڈٹ کالج میںمفت تعلیم حاصل کررہے ہیں اور یہ سہولت یکساں بنیادوں پر میرٹ کے مطابق ملک کے ہر حصے میں رہنے والے بچوں کو حاصل ہیں۔

انہوںنے آوٹ ریچ پروگرام کے اجراء کے لئے پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال اور ابدالئنز کی کاوشوںکو سراہا اور کہاکہ مزید بچوںکو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعلیمی وظائف حاصل کئے جائیںاور مخیر افراد اس کار خیر میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیمی شعبہ پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ کیڈٹ کالج جیسے ادارے جدید علوم کے فروغ میں اہم کردارادا کر رہے ہیں اور اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا ء قومی اور بین الاقومی سطح پر قابلیت اور اعلی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی ایسے علوم کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے کیڈٹ کالج نے زہین بچوںکو اپنی مادر علمی کے در کھول دیئے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اعلی اقدار کے حامل تعلیمی ادارے ہمیشہ قوموں کی تعمیر اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ملک کو زندگی کے تمام شعبوں کے لیے لیڈر فراہم کرتے ہیں جو ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں مد د فراہم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کا انحصار نوجوان نسل پر ہوتاہے اور جونوجوان حسن ابدال کیڈٹ کا لج میں زیر تعلیم ہیں وہ اس لحاظ سے خوش نصیب ہیں کہ انہیں ملک کی بہترین اور اعلی درسگا ہوں میں سے ایک میں اپنی زندگی کا اہم حصہ گزارنے کا موقع مل رہا ہے ۔ پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال میجرجنرل (ر) نجیب طارق نے اس موقع پر بتایا کہ گذشتہ برس شروع ہونے والے اس پائلٹ پروگرام کے تحت موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پاکستان کے دور دراز کے پس ماندہ علاقوںکے منتخب بچوںکو کیڈٹ کالج حسن ابدال میں داخلہ ٹیسٹ کی تیاری میں مدد دی گئی جس کا مقصد انہیں قومی دھارے میں شریک کرنے اور ملک کے مقتدر اداروں میں داخلے کے امتحانات کے لئے تیار کرنا ہے اور دوسرے بیچ میں 48 بچوں کو منتخب کیا گیا ہے جنہیں کیڈٹ کالج حسن ابدال میں دو ماہ کے لئے تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ اکامتی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کا مقصد پس ماندہ علاقوں کو قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنا ہے جس کے لئے بعدا زاںگورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج حسن ابدال ملک محمد رفیق رجوانہ نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اس موقع پر کالج کے اہم انتظامی اور تعلیمی امور کا جائزہ لیا گیا اورممبران متعدد امور نے مختلف تجاویز پیش کیں جن کی روشنی میں کیڈٹ کالج حسن ابدال کے تعلیمی نظام کی بہتری اور سہولیات میںاضافے کے لئے کئی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

گورنر پنجاب نے بورڈ آف گورنر کے ممبر ان کی پیشہ وارنہ صلاحیتوں ، علمی قابلیت اور ادارہ سے ان کے خصوصی لگائو کو سراہا اور کہاکہ نوجوان نسل کے لئے معیاری تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنا صدقہ جاریہ ہے اور جو اعلی خدمت کی جو روایات کیڈٹ کالج حسن ابدال میں قائم کی گئی تھیں انہیں جاری و ساری رکھ کر ہم اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کر سکتے ہیں ۔